سمراٹ چودھری کی موجودگی میں اروند شرما کا قانون ساز کونسل کے لیے پرچہ داخل کیا
Awaz E Bihar••6 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 30 اپریل (اے بی این) بہار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈ کوارٹر انچارج سوریہ کمار شرما (اروند شرما) نے جمعرات کے روز بہار قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے ضمنی انتخاب 2026 کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ مسٹر شرما نے یہ نامزدگی سینئر بی جے پی لیڈر منگل پانڈے کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی نشست کے لیے بھری ہے۔ واضح رہے کہ منگل پانڈے بہار اسمبلی انتخابات میں سیوان نشست سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد انہوں نے قانون ساز کونسل کی رکنیت چھوڑ دی تھی۔ ایوان میں حکمراں جماعت کی عددی طاقت کو دیکھتے ہوئے مسٹر شرما کا منتخب ہونا تقریباً یقینی سمجھا جا رہا ہے۔ نامزدگی کے موقع پر این ڈی اے کے سینئر رہنماؤں اور وزراء کی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں سمراٹ چودھری، وجے کمار چودھری، سنجے سراوگی، بیجیندر پرساد یادو، منگل پانڈے، رام کرپال یادو اور سنتوش کمار سمن شامل تھے، جبکہ جے ڈی یو کی جانب سے سنجے کمار جھا اور امیش سنگھ کشواہا نے شرکت کی، اسی طرح ایل جے پی (آر) کے راجو تیواری اور آر ایل ایم کے آلوک کمار سنگھ بھی اس موقع پر موجود رہے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے سوریہ کمار شرما (اروند شرما) نے بی جے پی کے صوبائی دفتر میں پنڈت دین دیال اپادھیائے اور کیلاش پتی مشرا کے مجسموں پر پھول مالائیں چڑھائیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ این ڈی اے امیدوار بنائے جانے پر مسٹر شرما نے وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، قومی صدر نتن نبین اور دیگر سینئر رہنماؤں سمیت حلیف جماعتوں کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بھروسے پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے جو قیادت نے ان پر ظاہر کیا ہے۔ اس موقع پر بی جے پی کے بزرگ رہنماؤں کو یاد کرتے ہوئے مسٹر اروند شرما نے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور قربانیوں کی بدولت ہی بی جے پی آج دنیا کی سب سے بڑی پارٹی بن سکی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے تمام صوبائی عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے انہیں وہ سب کچھ دیا ہے جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ اسی دوران، بھوجپور-بکسر مقامی باڈی حلقہ سے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کی ایک اور نشست کے لیے ضمنی انتخاب 12 مئی کو ہونا طے پایا ہے۔ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے اس نشست کے لیے کنہیا پرساد کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ نشست رادھا چرن شاہ کے سندیش اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس انتخاب کے لیے پولنگ اور گنتی دونوں عمل 12 مئی کو ہی مکمل کیے جائیں گے۔ بہار قانون ساز کونسل کے ارکان کی کل تعداد 75 ہے، جن میں سے 63 ارکان منتخب اور 12 نامزد ہوتے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے اور ان کے استعفیٰ کے بعد کونسل کی ایک نشست خالی ہو گئی ہے۔ مسٹر کمار کی نشست کے علاوہ، کونسل کے دیگر 9 ارکان کی مدت کار 28 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ جن ارکان کی مدت 28 جون کو ختم ہو رہی ہے، ان میں موجودہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور جے ڈی یو لیڈر بھگوان سنگھ کشواہا بھی شامل ہیں۔