وزیراعلیٰ نے گنڈک ندی اور سرحدی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا
Awaz E Bihar••34 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 27 اگست :: وزیراعلیٰ جناب سمراٹ چودھری نے نیپال میں آئے سیلاب کے پیش نظر بہار کے سرحدی اور ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آج سون پور سے والمیکی نگر تک گنڈک ندی کا فضائی سروے کیا۔ اس دوران بگہا، والمیکی نگر، بیتیا اور موتیہاری کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال، ممکنہ اثرات اور انتظامیہ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ والمیکی نگر پہنچنے کے بعد وزیراعلیٰ نے والمیکی نگر بیراج کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بیراج کے اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ معائنے کے وقت پانی کا بہاؤ تقریباً 1.06 لاکھ کیوسک تھا۔ وزیراعلیٰ نے بیراج میں واقع کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور آبی وسائل محکمہ کے افسران سے گنڈک ندی کی سطح آب اور پانی کے بہاؤ کی تازہ صورتحال کی معلومات حاصل کیں۔ افسران نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ 26 اگست 2026 کی رات 11 بجے گنڈک ندی میں پانی کا بہاؤ 1,50,200 کیوسک کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا، جس کے بعد پانی کی سطح میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم، دیو گھاٹ علاقے میں دیر سے ہوئی بارش کے باعث گنڈک ندی کی سطح آب میں دوبارہ اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ فی الحال پشتوں پر کسی قسم کا منفی اثر نظر نہیں آیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مغربی چمپارن کے ڈی این اور ایس پی سے بھی تازہ صورتحال کی معلومات حاصل کیں اور ممکنہ اثرات، ضروری احتیاطی اقدامات، حفاظتی انتظامات اور راحت و بچاؤ کے کاموں کے سلسلے میں انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو پوری مستعدی کے ساتھ کام کرنے، حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی رکھنے اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں شہریوں کی حفاظت اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ محکمے اور ضلع انتظامیہ پوری طرح چوکس اور مستعد رہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری تیاریاں یقینی بنائیں۔
گنگا ندی کی سطح آب میں کمی کا رجحان (Decreasing Trend) ہے۔ تاہم کچھ مقامات پر پانی کی سطح میں 1 سے 2 سینٹی میٹر تک معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے پیش نظر آبی وسائل محکمہ اور ضلعی انتظامیہ کو مسلسل نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ علاقوں میں راحت، بچاؤ اور حفاظتی اقدامات سے متعلق تمام ضروری کارروائیاں ترجیحی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ معائنے کے دوران نائب وزیراعلیٰ و آبی وسائل کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹردیپک کمار، چیف سیکریٹری مسٹر پرتیہ امرت، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری مسٹرسنجے کمار سنگھ، آبی وسائل محکمہ کے سیکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔