ہزاروں گاڑیوں کی چیکنگ ،کئی وارنٹی گرفتار ، کثیر مقدار میں غیر قانونی شراب اور منشیات کی مختلف قسمیں برآمد
Awaz E Bihar••1 ویوز•3 منٹ پڑھیں
ریاست میں جرائم پر قابو پانے اور جرائم پیشہ افراد میں خوف پیدا کرنے کے لیے پولیس ہیڈ کوارٹر کی نگرانی میں ریاست گیر چیکنگ مہم چلائی گئی۔ محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر پنکج کمار کی ہدایات کے بعد امن و قانون کو مضبوط بنانے اور غیر قانونی شراب اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے تمام اضلاع میں یہ خصوصی چیکنگ مہم شروع کی گئی۔ اس مہم میں ریلوے پولیس اور ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بھی حصہ لیا۔ یہ مہم تمام اضلاع کے ایس پی ،ایس ڈی ایم ،ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی گشت کے ساتھ چلائی گئی۔ اس دوران، پوری ریاست میں 47,718 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، 3,660 گاڑیوں سے 56 لاکھ روپے سے زیادہ کے جرمانے وصول کیے گئے۔ 110 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ 736 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ 116 وارنٹی گرفتار کر لیے گئے۔ نشے میں دھت 29 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس دوران کثیر مقدار میں غیر قانونی شراب اور منشیات برآمد کی گئی۔ اس میں 1,169 لیٹر دیسی شراب، 3,482 لیٹر غیر ملکی شراب، 216 گرام سمیک، 3.17 گرام ہیروئن اور 3.37 کلو گرام چرس شامل تھی۔ چار غیر قانونی اسلحہ، ایک کارتوس، 54 موبائل فون، اور 9,31,500 روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔خصوصی مہم کے دوران راجدھانی پٹنہ کے علاوہ نالندہ، گیاجی، اورنگ آباد، نوادہ، جہان آباد، ارول، روہتاس، بھوجپور، بکسر، کیمور، مظفر پور، ویشالی، سیتا مڑھی، شیوہر، موتیہاری، بتیا،بگہا ،سارن، سیوان سمیت دیگر اضلاع میں گاڑیوں کی چیکنگ، گرفتاریاں، وارنٹ پر عملدرآمد اور غیر قانونی شراب اور منشیات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران ریلوے پولیس کی جانب سے 240 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ نو ملزمان اور ایک وارنٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔ 55.3 لیٹر دیسی اور 205 لیٹر غیر ملکی شراب، چھ موبائل فون اور دوچاقو برآمد کیے گئے۔پٹنہ میں شراب بندی اور ریاستی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی طرف سے ایک خصوصی مہم چلائی گئی جسکے دوران 131 دکانوں کی تلاشی لی گئی۔ گاندھی میدان علاقہ میں 74 لیٹر غیر ملکی شراب، ایک آٹو، ایک لولیٹ، ایک اسکوٹر، 50 اے ٹی ایم پاس بک اور چیک بک اور دو موبائل فون برآمد ہوئے۔ کوتوالی علاقہ سے 280 گرام گانجہ اور دو موبائیل فون برآمد کئے گئے اور شاستری نگر علاقہ سے 37 سگریٹ، گانجہ اور ڈوڈا کے سات ٹکڑے برآمد کئے گئے۔ اس کارروائی میں چار افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ معاشی مجرمانہ سرگرمیوں کی گہری چھان بین کے لیے سائبر یونٹ کی سطح پر ضبط کیے گئے 50 اے ٹی ایم کی مہم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، ناجائز شراب اور منشیات کی سمگلنگ روکنے اور مطلوب و وارنٹ ملزمان کی گرفتاری پر خصوصی زور دیا گیا۔