پٹنہ(اے بی این) یوم شہداء کے موقع پر، 11 اگست 1942 کو آزادی کے متوالے سات شہیدوں،جیسے اوماکانت پرساد سنگھ ، راما نند سنگھ ، ستیش پرساد جھا ، جگت پتی کمار ، دیوی پدچودھری ، راجندر سنگھ اور رام گووندسنگھ کی دی گئی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پٹنہ کے شہداء میموریل احاطہ میں سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سرکاری تقریب میں وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے شہیدوں کے مجسموں پر گلپوشی کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ بیجیندر پرساد یادو، بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ، بہار قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نریندر نارائن یادو، عمارت تعمیرات کی وزیر لیشی سنگھ، خوراک اور صارفین تحفظ کے وزیر اشوک چودھری، سائنس، ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم کی وزیر مسز شیلا کماری، کو آپریٹو کے وزیر جناب رام کرپال یادو، رکن اسمبلی جناب شیام رجک اور دیگر عوامی نمائندوں سمیت وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ، پٹنہ ڈویژن کے کمشنر مسٹر میانک بربڑے،ڈی ایم مسٹر کندن کمارایس ایس پی مسٹر کارتیکیہ کے شرما، شہداء کے اہل خانہ اور اہم شخصیات نے شہیدوں کے مجسمہ پر گلپوشی کر کے اپنا قلبی خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری سمیت وزراء،رکن اسمبلی اور معززی نے بہار قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں واقع شہید پارک گئے اور امر جیوتی کے سامنے پھولوں کی چادر پیش کر کے تمام مجاہد آزادی کو سلام کر تے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے فنکاروں کے ذریعہ بہار گیت اور حب الوطنی کے گیت پیش کئے گئے۔