پٹنہ(اے بی این)وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں بد ھ کو پہلی کابینہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد کابینہ سکریٹریٹ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار چودھری نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ آج کی میٹنگ میں 22 تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ میں آج ایک اہم فیصلے میں 11 نئے گرین فیلڈ سیٹلائٹ ٹائون شپ کو فروغ دینے کی تجویز کو منظوری دی ہے۔ ساتھ ہی 75 آئی ٹی آئی کو بھی جدید اسکل سنٹر کی شکل میں اب گریڈ کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کی میٹنگ میں سونپور بابا ہری ہر ناتھ مندر احاطے کو با با وشو ناتھ کوری ڈور کی طرز پر فروغ دینے کے لئے یکم مشت 680 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ تارا پور میں ثقافتی ، مذہبی اور سیاحتی سہولیات کو فروغ دینے کےلئے موضع غازی پور میں محکمہ سیاحت کو 15 ایکڑ مفت زمین فراہم کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ نے 7 عزائم -3 اس پہلوکے نفاذ کو بھی منظوری دی ہے جس میں 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو زمین ، پلاٹ اور فلیٹ گھر بیٹھے رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرانے کا وعدہ کیا گیاہے۔ حکومت نے طے کیا ہےکہ زمین اور فلیٹ کے رجسٹریشن کے عمل اب پیپر لیس ہوگا۔ تحفظ انتظامات کو مزید سخت بنانے کے لئے ’’ پولس دیدی ‘‘ منصوبہ تحت 1500 اسکوٹی اور پولس فورس کے لئے 3200 موٹرسائیکل خریدے جانے کی تجویز کومنظوری دی ہے۔ جس پر 66.75کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔ اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کے لئے آئی آئی ٹی پٹنہ میں 344 کروڑ روپئے کی لاگت سے ریچرچ پارک اور انکیوبیشن سنٹر کی توسیع کو منظوری دی گئی ہے۔ وہیں نیشنل فارنسک سائنس یونیور سیٹی اور چانکیہ نیشنل لا ء یونیور سیٹی کے لئے زمین فراہم کرانے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کی میٹنگ میںیہ بھی فیصلہ کیا گیاہے کہ سڑک حادثہ میں اجتماعی طور پر لوگوںکی موت ہونے پر لواحقین اور زخمیوں کو ریاستی ڈیزاسٹر رسپائونس فنڈ سے امداد دی جائے گی۔