سیلاب متاثرہ لوگوں تک ضروری سہولیات بروقت پہنچائیں: سمراٹ
Awaz E Bihar••20 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 28 ستمبر:(اے بی این ) بہار میں سیلاب کی سنگین صورت حال کے درمیان وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے پیر کو ویشالی، سارن، مشرقی چمپارن اور گوپال گنج کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا۔ انہوں نے گوپال گنج کے ڈمریا گھاٹ پل اور پچھریا علاقے کا معائنہ کرنے کے ساتھ گنڈک ندی کی بڑھتی آبی سطح کا جائزہ لیا اور افسران سے تازہ صورت حال کی تفصیلات حاصل کیں۔ڈمریا گھاٹ میں افسران نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ گنڈک ندی کی آبی سطح خطرے کے نشان سے تقریباً ڈیڑھ میٹر اوپر پہنچ گئی ہے۔ رات کے دوران پانی کی سطح میں مزید تقریباً 50 سینٹی میٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے افسران کو پوری مستعدی کے ساتھ راحت و بچاؤ کے کام جاری رکھنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ نے حساس اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ پوری حساسیت کے ساتھ متاثرہ لوگوں کے درمیان رہ کر کام کرے اور ضرورت مندوں تک ہر ضروری امداد فوری طور پر پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ راحت و بچاؤ کے کاموں میں کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ آبی وسائل کے افسران کو پشتوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے خاص طور پر رات کے وقت گشت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کے درمیان بہتر تال میل برقرار رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔سمراٹ چودھری نے متاثرہ علاقوں میں قائم سیلاب راحت کیمپوں اور کمیونٹی کچن کے ذریعے متاثرین کو مسلسل کھانا اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرین کو راحت پہنچانے کے کام میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعلیٰ نے ویشالی ضلع، سارن ضلع کے ہیجل پور، مشرقی چمپارن اور گوپال گنج کے ڈمریا گھاٹ و پچھریا علاقوں کی فضائی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے زمینی سطح پر جاری راحت و بچاؤ کے کاموں کی بھی معلومات حاصل کیں۔ معائنے کے دوران نائب وزیراعلیٰ و وزیر آبی وسائل وجے کمار چودھری، رکن پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ، رکن اسمبلی کرشن نندن پاسوان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری دیپک کمار، چیف سیکریٹری پرتیی امرت، محکمہ آبی وسائل کے سیکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، مشرقی چمپارن کے ضلع مجسٹریٹ سوربھ سمن یادو، گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ سمیر سوربھ، مشرقی چمپارن کے ایس پی سورن پربھات اور گوپال گنج کے ایس پی ونئے تیواری سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔