زیر التوا معاملات پر اعلیٰ سطحی جائزہ، جلد نمٹانے کا فیصلہ
Awaz E Bihar••34 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 9 ستمبر(اے بی این ) محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری پنکج کمار اور بہار کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) ونے کمار نے بدھ کو محکمہ داخلہ میں پولیس محکمہ سے متعلق زیر التوا اہم معاملات کا مشترکہ طور پر اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ اجلاس میں زیر التوا معاملات کے جلد نپٹار اور پولیس انتظامیہ کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔جائزہ اجلاس کے دوران نئی آسامیوں کی تخلیق، ترقی (پروموشن)، سائبر تھانوں کے قیام، گاڑیوں کی خریداری، اراضی کی منتقلی اور اراضی کے حصول سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پرنسپل سکریٹری اور ڈی جی پی نے متعلقہ افسران کو ان معاملات کے جلد از جلد نپٹار کی ہدایت دی۔ پرنسپل سکریٹری پنکج کمار اور ڈی جی پی ونے کمار نے کہا کہ زیر التوا معاملات کے نپٹار میں تیزی لانے کے ساتھ مختلف سطحوں پر مؤثر تال میل بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ داخلہ اور پولیس ہیڈکوارٹر کی سطح سے ہر ماہ ایک مرتبہ ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر باقاعدہ جائزہ اور بہتر تال میل سے زیر التوا معاملات کی نشاندہی اور ان کے بروقت حل میں مدد ملے گی۔ تمام متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی اور معاملات کو غیر ضروری طور پر زیر التوا نہ رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (جدیدکاری و ایس سی آر بی) اجیتابھ کمار، اے ڈی جی (ریل) ڈاکٹر کمل کشور سنگھ، اے ڈی جی (ٹریفک و خصوصی نگرانی یونٹ) سدھانشو کمار، اے ڈی جی (تکنیکی خدمات و وائرلیس) امیت لوڑھا، اے ڈی جی (اے ٹی ایس) امرت راج، اے ڈی جی (سکیورٹی) سنجے سنگھ، اے ڈی جی (امن و قانون اور کمزور طبقات ڈویژن) محترمہ کے. سوہتا انوپم، آئی جی (ہیڈکوارٹر) منوج کمار سمیت محکمہ داخلہ اور پولیس ہیڈکوارٹر کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔اس کے علاوہ محکمہ داخلہ کے خصوصی سکریٹری انیل کمار چودھری، ایڈیشنل سکریٹری کندن کمار، جوائنٹ سکریٹری کمل نین، جوائنٹ سکریٹری املندو کمار اور خصوصی ڈیوٹی افسر آدتیہ کمار جھا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔