بہار میں عوامی خدمات کا دائرہ وسیع، ’سہیوگ شیور‘ کے ذریعے 5.33 لاکھ سے زائد درخواستوں کا تصفیہ
بہار

بہار میں عوامی خدمات کا دائرہ وسیع، ’سہیوگ شیور‘ کے ذریعے 5.33 لاکھ سے زائد درخواستوں کا تصفیہ

Awaz E Bihar••84 ویوز•3 منٹ پڑھیں

پٹنہ، 31 جولائی (اے بی این): بہار حکومت نے عوامی مسائل کے بروقت اور شفاف ازالے کو اپنی انتظامی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے ریاست بھر میں ’’سہیوگ شیور‘‘ مہم کو مؤثر انداز میں نافذ کیا ہے۔ محکمۂ اطلاعات و تعلقات عامہ کے پریس کانفرنس ہال میں جمعہ کو منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محکمۂ عمومی انتظامیہ کے سکریٹری محمد سہیل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی قیادت میں ریاست میں عوام دوست اور جوابدہ نظامِ حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، جس کے تحت ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے منگل کو تمام پنچایتوں، بلاکوں اور شہری بلدیاتی اداروں میں سہیوگ شیور کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 19 مئی 2026 سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران اب تک 5 لاکھ 83 ہزار 866 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 5 لاکھ 33 ہزار 904 درخواستوں کا مقررہ مدت کے اندر تصفیہ کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی درخواستوں پر کارروائی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ان کے مطابق سب سے زیادہ درخواستیں بھوجپور، مغربی چمپارن، پٹنہ، بیگوسرائے اور مظفرپور اضلاع سے موصول ہوئی ہیں۔
محمد سہیل نے کہا کہ عوام کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلانے کے لیے سہیوگ پورٹل تیار کیا گیا ہے، جہاں شہری کسی بھی وقت آن لائن شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1100 کے ذریعے بھی عوام کو سہیوگ شیور سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے محکمۂ عمومی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حق برائے عوامی خدمات قانون 2011 کے نفاذ کے بعد اب تک 53 کروڑ 80 لاکھ سے زائد درخواستوں کا کامیاب تصفیہ کیا جا چکا ہے۔ ریاست کے پنچایت سرکار بھونوں میں قائم عوامی خدمت مراکز کے ذریعے اس وقت 64 سے زائد سرکاری خدمات مقامی سطح پر دستیاب ہیں، جس سے دیہی علاقوں کے شہریوں کو بلاک یا ضلع ہیڈکوارٹر جانے کی ضرورت نہیں رہ گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنچایت سطح پر 33 لاکھ 77 ہزار 620 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 33 لاکھ 48 ہزار 776 کا نمٹارا کیا جا چکا ہے۔ خدمات کی مؤثریت بڑھانے کے لیے 23 جون 2026 سے خودکار اپیل (آٹو اپیل) کا نظام بھی نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت اب تک 6934 اپیلیں درج ہوئیں، جن میں سے 5503 کا تصفیہ ہو چکا ہے۔
محمد سہیل نے کہا کہ بہار عوامی شکایت ازالہ قانون 2015 کے تحت ہر کمشنری اور ضلع میں عوامی شکایت ازالہ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ اس نظام کے ذریعے اب تک 19 لاکھ 38 ہزار سے زائد عوامی شکایات کا کامیاب ازالہ کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بہار انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ (بیپارڈ)، پٹنہ اور گیا کو رواں برس ISO 9001:2015 بین الاقوامی معیار کا سرٹیفکیٹ حاصل ہوا ہے، جو ادارے کی معیاری تربیت اور انتظامی خدمات کا اعتراف ہے۔
پریس کانفرنس میں سکریٹری نے سرکاری ملازمین کے شکایت ازالہ نظام، افسران و ملازمین کی صلاحیت سازی، وزیر اعلیٰ فیلوشپ اسکیم، نوجوانوں کو فراہم کیے گئے روزگار، انسانی وسائل کے انتظامی نظام، منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی آن لائن تفصیلات، ہیلپ لائن اور کال سینٹر کی خدمات سمیت حکومت کے متعدد اہم انتظامی اقدامات سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر محکمۂ عمومی انتظامیہ کے خصوصی سکریٹری سنجے کمار، بی پی ایس ایم کے ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر محمد راشد کلیم انصاری، جوائنٹ سکریٹری محمد آفاق احمد اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
شیئر کریں:

More from بہار